بنگلورو،4؍اکتوبر(ایس اونیوز)شہر کے کمرشیل اسٹریٹ پولیس تھانہ کی حدود میں چھوٹا میدان سے قریب گز شتہ دنوں الیاس نامی ایک نوجوان کے قتل کے معاملے میں پولیس نے تین نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار شدہ ملزمین کی شناخت ناظم ( 21) فصیح (24) اور نذیر (25) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ ملزمین نے ہفتہ کی شام شیواجی نگر کے چھوٹا میدان کے قریب چائے کی ہوٹل کے باہر الیاس پر مہلک ہتھیارات سے حملہ کیا اور فرار ہوگئے۔ خون میں لت پت شدید زخمی حالت میں الیاس نے جائے وقوع پر ہی دم توڑ دیا۔ بتایاجاتاہے کہ مقتول الیاس نے چھ ماہ قبل قاتلوں کی بہن کا اغوا کیاتھا اور اس سلسلے میں الیاس کو پولیس نے گرفتار بھی کیاتھا، بعد میں مغویہ لڑکی اپنے گھر لوٹ آئی۔ اغوا کے کیس میں مقید الیاس پندرہ دن قبل ہی ضمانت پر رہا ہوا تھا۔اس کی رہائی کے بعد لڑکی والوں نے الیاس سے اصرار کیا کہ وہ اس لڑکی سے نکاح کرلے ، لیکن الیاس نہیں مانا ، اس پر طیش میں آکر لڑکی کے بھائیوں نے برسر عام اس کا کام تمام کردیا۔پولیس اس معاملے کی جانچ کرنے میں لگی ہوئی ہے۔